ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاکستان کو 7.1 ارب ڈالردینے کا اعلان

0

ماندالویونگ: ایشیائی ترقیاتی بینک نے آئندہ 3 برسوں کے دوران پاکستان کو 7.1 ارب ڈالر کی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلامیے کے مطابق اے ڈی بی عہدیدار نے گزشتہ دنوں پاکستان میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار اور دیگر حکام سے ملاقات کی جس میں نئی حکومت کے پہلے 100 روزہ پلان کو سراہا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) آئندہ 3 سال کے دوران پاکستان میں پائیدار اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے 7.1 ارب ڈالر کی معاونت فراہم کرے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اے ڈی بی کی جانب سے توانائی، بنیادی ڈھانچے، ترقی اور صنعتی اصلاحات کے منصوبہ جات کیلئے تکنیکی و مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
اے ڈی بی کے نائب صدر وینکائی ژینگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں کی ترقی پر خصوی توجہ دی جائے گی تاکہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے ڈی بی اور پاکستان کی ترقیاتی شراکت داری 50 سال کے طویل عرصہ کی تاریخ کی حامل ہے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستانی معیشت کو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور مالیاتی خسارے کا سامنا ہے جب کہ نجی شعبے کی ترقی، تجارتی فروغ اور اداروں میں اصلاحات کی فوری ضرورت ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.