ڈولفن فورس کے اہلکار کی مبینہ فائرنگ سے معذور نوجوان جاں بحق

لاہور: سبزہ زار میں ڈولفن فورس کے اہلکار کی مبینہ فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہو گیا جب کہ لواحقین نے لاش کے ہمراہ بابو صابو انٹرچینج پر احتجاج کیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک نوجوان نے چھری سے حملہ کرکے شہریوں اور ڈولفن فورس کے اہلکار کو زخمی کیا جس پر پولیس اہلکار نے جان بچانے کیلئے فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں عمیر نامی نوجوان جاں بحق ہو گیا لیکن مقتول کے لواحقین نے پولیس کی مبینہ فائرنگ کیخلاف لاش کے ہمراہ بابو صابو انٹر چینج پر احتجاج کیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
لواحقین کے مطابق عمیر ذہنی طور پر معذور تھا اور اسے مرگی کے دورے پڑتے تھے، ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے جان بوجھ کر فائرنگ کی جس سے عمیر دم توڑ گیا۔
لواحقین کے الزام کے بعد ڈولفن فورس کے 2 اہلکاروں کو حراست میں لے کر نوجوان کی لاش پوسٹمارٹم کیلئے اسپتال بھجوا دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈولفن فورس کے اہلکار کی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا۔وزیر اعلیٰ نے واقعے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے اور ذمہ داروں کا تعین کرکے قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے ڈولفن فورس کے زخمی اہلکار کو طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔