نیو کراچی میں گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی

کراچی کے علاقے نیو کراچی میں تولیے کی فیکٹری میں لگی آگ تین گھنٹے بعد بھی بھجائی نہ جاسکی جس کے بعد اسے تیسرے درجے کی قرار دیتے ہوئے شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کرلیے گئے۔
کراچی کے علاقے نیوکراچی میں صبا سینما کے قریب تولیہ فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی، آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے شہر بھر سے فائربریگیڈ کی گاڑیاں طلب کرلی گئیں، فائربریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قراردے دیا، واٹر بورڈ کی جانب سے پانی کے ٹینکرز جائے وقوعہ پر پہنچادیئے گئے، جب کہ 13 فائر ٹینڈرز اور اسنارکل آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ فائر بریگیڈ کو آگ لگنے کی اطلاع صبح سوا 6 بجے موصول ہوئی، جب فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوع پر پہنچیں تو فیکٹری کی تینوں منزلوں پر آگ لگی ہوئی تھی، تاہم کسی بھی شہری کے فیکٹری کے اندر ہونے کی اطلاع نہیں ملی اور نا ہی کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
فیکٹری میں تولیہ، ہوزری اور مختلف قسم کا کپڑا تیار کیا جاتا تھا، فیکٹری ملازمین آگ سے بچ جانے والا سامان باہر نکالنے میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب فیکٹری مالکان شہر میں موجود نہیں ہیں، فیکٹری مالک افضل فیصل آباد جب کہ بہادر جرمنی میں ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ گلستانِ مصطفیٰ، سائٹ، لانڈھی، کورنگی، سوک سینٹر، گلشنِ اقبال، منظورکالونی اور سینٹرل فائراسٹیشن کی گاڑیاں کام کررہی ہیں، آگ کو مکمل طور پر بجھانے میں مزید 3 سے 4 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ ڈپٹی چیف فائر آفیسر امتیازکا کہنا ہے کہ آگ پر 70 فیصد قابو پالیا ہے جلد 100 فیصد قابو پالیا جائے گا۔ واضح رہے کہ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔