فائل فوٹو
فائل فوٹو

پہلی سارک اسنوکر چیمپئن شپ پاکستان نے جیت لی

پہلی سارک اسنوکر چیمپئن شپ پاکستانی کھلاڑیوں کے نام رہی ،فائنل میچ پاکستانی کیوئسٹ اسجد اقبال نے جیت لیا۔انہوں  نے ہم وطن محمد بلال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی۔

پہلی سارک اسنوکر چیمپئن شپ کا فائنل پاکستانی کیوئسٹ اسجد اقبال اور محمد بلال کے درمیان کھیلاگیا،فائنل کاکھیل تیرہ فریمزپرمشتمل تھااور فائنل اسکورچھ سات رہا۔

چیمپئن شپ میں دونوں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔چیمپئن شپ کے دونوں سیمی فائنلز میں پاکستانی شاہینوں نے بھارتی سورماؤں کو زیر کیا تھا۔

بنگلہ دیش کے دار الحکومت ڈھاکہ میں ہونے والے سارک اسنوکر چیمپئن شپ دوہزار انیس کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کے محمد بلال کا ٹاکرا بھارتی کیوئسٹ سندھیپ گلاٹی سے ہوا۔

محمد بلال نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیارہ فریم کے میچ میں بھارتی حریف سندھیپ گلاٹی کو صفر کے مقابلے میں چھ  فریم سے شکست دے کر فائنل کھیلنے کا موقع  اپنے نام کیا تھا۔

محمد بلال کے مدمقابل بھارتی کھلاڑی کوئی ایک فریم بھی اپنے نام نہ کرسکے، دوسری جانب دوسرے سیمی فائنل میں اسجد اقبال نے بھی بھارتی کھلاڑی کو شکست دی تھی ۔

اسجد اقبال نے نیپالی کھلاڑی دیپک مگار کو کوارٹر فائنل میں شکست دی تھی جبکہ محمد بلال نے نیپال کے ہی دوسرے کیوئسٹ اے ایم شریستھا کو آؤٹ کلاس کیا تھا۔

اسنوکر چیمپئن شپ میں میزبان ملک کے علاوہ پاکستان، بھارت، نیپال اور سری لنکا کے کھلاڑیوں نے  حصہ لیا۔

میزبان ملک سے 4 جبکہ دیگر ممالک سے دو، دو کیوئسٹس ایونٹ میں شریک ہیں جنہیں چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔

فاتح کیوئسٹ کو2500 ڈالرز، رنراپ کو 1500 ڈالرز جبکہ چوتھی اورپانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے کیوئسٹس کو 1000 ڈالرز نقد انعام دیا گیا۔