کراچی،شیرشاہ کالونی میں دکان میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق

کراچی کے علاقے شیر شاہ کالونی کے جناح روڈ پر واقع دکان میں زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز علاقے میں دور دور تک سنی گئی،جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا ہوتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ ریسیکیو اداروں کی ایمبولینسیں اور رضا کار بھی جائے دھماکا پر پہنچ گئے۔جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دھماکے سے باہر کھڑی ہوئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، بتایا گیا ہے کہ دھماکا دکان میں موجود سلینڈر کے پھٹنے سے ہوا ہے، پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔