کراچی ائیرپورٹ پرنبیل گبول کا شہری سے جھگڑا

کراچی: جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول کا شہری سے جھگڑا ہوا جس پر پی پی رہنما نے شہری کو دھکے دے کر زمین پر پھینک دیا۔دوسری جانب نبیل گبول کا کہنا تھا کہ نشے میں دھت شخص نے مجھ پرحملہ کیا، میں نے اپنے تحفظ کیلئے حملہ آورکو دھکا دے کر زمین پرگرایا۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول اور شہری کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور معاملہ دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔
اس دوران نبیل گبول طیش میں آگئے اور شہری کو دھکے دیئے جس پر وہ زمین پر جاگرا جب کہ اس دوران شہریوں نے نبیل گبول کے رویئے کی ویڈیو بھی بنالی تاہم متاثرہ مسافر ائیرپورٹ کے عملے کو بلاتا رہا لیکن کوئی اس کی مدد کو نہ آیا۔
پولیس کے مطابق جھگڑے سے متعلق ائیرپورٹ تھانے میں کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا جب کہ نبیل گبول یا کسی مسافر نے بھی کارروائی کے لیے درخواست نہیں دی۔
دوسری جانب جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شہری کے ساتھ جھگڑاکی وضاحت دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول کا کہنا تھا کہ نشے میں دھت پی ٹی آئی کارکن نے مجھ پرحملہ کیا، میں نے اپنے تحفظ کیلئے حملہ آورکو دھکا دے کر زمین پرگرایا، پی ٹی آئی کارکن مکالمے کے بجائے تشددپریقین رکھتے ہیں۔