جیل میں 1500 قیدی اسیر ہیں جن میں اکثریت خطرناک داعش جنگجوؤں کی ہے۔فائل فوٹو
جیل میں 1500 قیدی اسیر ہیں جن میں اکثریت خطرناک داعش جنگجوؤں کی ہے۔فائل فوٹو

تاجکستان کی جیل میں داعش قیدیوں کا ہنگامہ۔32ہلاک

تاجکستان کی حساس جیل میں خطرناک داعش قیدیوں کی ہنگامہ آرائی میں 3 سیکیورٹی گارڈ اور29 جنگجو ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق تاجکستان کی جیل میں اسیر داعش قیدیوں کے 2  گروہوں کے درمیان جھگڑا ہوا،ایک گروہ نے 3 سیکیورٹی گارڈ کو چھریوں کے وارکر کے ہلاک کیا اور سرکاری اسلحہ چھین کرمخالف قیدی گروہ پرفائرنگ کرکے 5 کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی گارڈ کی ہلاکت کے بعد جیل میں مزید نفری طلب کی گئی، سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 24 قیدیوں کو ہلاک کردیا جس کے بعد جیل میں صورت حال پر قابو پالیا گیا۔اس جیل میں 1500 قیدی اسیر ہیں جن میں اکثریت خطرناک داعش جنگجوؤں کی ہے۔

حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ جیل میں جھگڑا داعش کمانڈر بیخروز گلمورود کے گروہ نے شروع کیا، بیخروز گلمورود تاجک اسپیشل فورس کے کرنل گلمورود خالیموف کے بیٹے ہیں جنہوں نے 2015 میں داعش میں شمولیت اختیار کی تھی اور شام میں لڑائی کے دوران مارے گئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی داعش قیدیوں نے جیل میں ہنگامہ آرائی کرکے درجنوں کو ہلاک کر دیا تھا، تاجکستان حکومت نے شدت پسند مسلح تنظیموں سے علیحدگی اختیار کرنے والے جنگجوؤں کے لیے عام معافی کا اعلان کیا ہے۔