کچھ زخمی طالبان جنگجو فرار ہوگئےجن کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔فائل فوٹو
کچھ زخمی طالبان جنگجو فرار ہوگئےجن کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔فائل فوٹو

طالبان کا چیک پوسٹ پر حملہ۔14 اہلکار ہلاک

طالبان جنگجوؤں نے ایک افغان چیک پوائنٹ پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں حکومت نوازعسکری گروہ کے 14 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان جنگجوؤں نے افغانستان کے مغربی صوبے ہرات کے ضلع روبات سنگی میں ایک چیک پوائنٹ پرحملہ کرکے حکومت نوازعسکری جتھے کے 14 اہلکاروں کو ہلاک اور7 اہلکاروں کو زخمی کردیا۔

پولیس کے ترجمان عبدالاحد ولی زادہ نے دعویٰ کیا ہے کہ چیک پوائنٹ پر حملے کے دوران طالبان جنگجوؤں کی بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں اورکچھ زخمی طالبان جنگجو فرار ہوگئے ہیں جن کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

دریں اثنا مشرقی صوبے ننگرہار میں ایک کار بم دھماکے کے نتیجے میں یونیورسٹی پروفیسر ہلاک اور 2 افراد زخمی ہو گئے، بم یونیورسٹی پروفیسر کی کارپرنصب کیا گیا تھا۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے افغانستان سے متعلق اپنی رپورٹ میں انسانی حقوق کے کارکنان پرحملے میں اضافے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان حکومت نہ صرف ان حملوں کو روکنے میں ناکام رہی ہے بلکہ حملوں کے بعد مجرموں کی گرفتاری اور انصاف کی فراہمی میں بھی بری طرح ناکام رہی ہے۔