طالبان نے حملے کی ذمے داری قبول کرلی۔فوٹو سوشل میڈیا
طالبان نے حملے کی ذمے داری قبول کرلی۔فوٹو سوشل میڈیا

افغان صوبے زابل میں کار بم حملہ،20 افراد ہلاک،100زخمی

افغانستان کے صوبے زابل  کے شہرقلات میں ایک اسپتال اورانٹیلی جنس ایجنسی  کے دفتر کے قریب کار بم حملے میں کم ازکم 20 افراد ہلاک،100 کے قریب زخمی ہو گئے۔

افغان میڈیا کے مطابق زابل کے مرکزی شہرقلات میں حساس ادارے این ڈی ایس کی عمارت کے قریب بم دھماکا ہوا۔ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار دھماکے سے اڑادی جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور85 زخمی ہوگئے۔

لاشوں اورزخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

حکام نے بتایا کہ دھماکا ایک اسپتال کے قریب ہوا۔ حملہ آور حساس ادارے کے دفترکو نشانہ بنانا چاہتا تھا لیکن وہاں پہنچنے میں ناکام رہا جس کے بعد اس نے ایک اسپتال کے قریب دھماکا کردیا۔ ہلاک اور زخمیوں میں خواتین، بچے، طبی عملہ،مریض اوران کے تیماردار شامل ہیں۔

طالبان نے حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے انٹیلی جنس ایجنسی کو نشانہ بنایا ہے۔