111 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔فائل فوٹو
111 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔فائل فوٹو

کرونا کا قہر جاری۔دنیا بھر میں ہلاکتیں ایک لاکھ،27 ہزار سے تجاوز

دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوزکرگئی اورایک لاکھ 27 ہزارسے زائد افراد جاں بحق اور485,427 صحت یاب ہو چکے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق صرف ویکسین ہی وائرس کے عالمی پھیلاؤ کو روک سکتی ہے۔

امریکہ میں کورونا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اورجان لیوا وائرس سے مزید 15 سو سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ امریکہ میں کورونا سے ہلاکتوں کی کل تعداد 26 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

امریکہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 15 ہزارسے زیادہ ہے جبکہ 38 ہزار سے زائد افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔

اٹلی میں مہلک وائرس نے مزید 566 جانیں لے لیں اور مرنے والوں کی تعداد21 ہزار465 ہوگئی ہے جبکہ ایک لاکھ 62 ہزارسے زائد متاثر ہیں

اسپین میں مزید 3 سو ہلاکتیں ہوئی ہیں اور مجموعی تعداد 18 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ ایک لاکھ  72ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔

بیلجیئم میں کورونا سے مزید 254 ہلاکتیں ہونے کے بعد کل تعداد 4 ہزار 157 ہو گئی جبکہ انڈونیشیا میں کورونا سے مزید 60 افراد موت کا شکار ہوئے جس کے بعد اموات کی تعداد 459 ہو گئی۔

فرانس میں کورونا سے ایک روز میں 574افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور مجموعی تعداد15 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ فرانسیسی صدر نے ملک میں جاری لاک ڈاون میں گیارہ مئی تک توسیع کردی۔

برطانیہ میں کورونا سے مزید 778 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جس سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 12 ہزار107 سے بڑھ گئی ہے۔

ایران میں کورونا سے مزید98 افراد جاں بحق ہوئےجس کے بعد اموات کی تعداد4,683 ہو گئی،روس میں 170 افراد ہلاک اور21,102 افراد کورونا سے متاثر ہیں۔ روسی صدر نے وباکے باعث حالات خراب ہونےکی وجہ سے فوج کی مدد طلب کرلی۔

جنوبی کوریا میں کورونا سے صحت یاب116 افراد میں کورونا وائرس کی دوبارہ تشخیص ہوئی ہے۔ڈاکٹرز تمام افراد میں  بیماری کی دوبارہ تشخیص کی وجوہات سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

عالمی وبا سے پوری دنیا خطرے میں ہے، عالمی ادارہ صحت نے کورونا کو سوائن فلو سے دس گنازیادہ مہلک قرار دے دیا۔ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈنوم کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف ایک مؤثر ویکسین ہی دنیا بھر میں اس بیماری کی منتقلی کو مکمل طور پر روک سکتی ہے۔