صدرٹرمپ پریس کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے۔ صحافیوں میں بے چینی پھیل گئی۔فائل فوٹو
صدرٹرمپ پریس کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے۔ صحافیوں میں بے چینی پھیل گئی۔فائل فوٹو

امریکی صدرکا عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ روکنے کا حکم

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے (ڈبلیو ایچ او) عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ فوری روکنے کا حکم دے دیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو چھپانے اوراس حوالے سے بد انتظامی پر(ڈبلیو ایچ او) عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ فوری طور پر روکنے کے احکامات دیے ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے حالیہ بحران میں انتہائی بدنظمی کا مظاہرہ کیا اور کرونا وائرس کو چھپایا۔ وہ اپنی بنیادی ذمے داری انجام دینے میں ناکام رہا اوراس کا احتساب ہونا چاہیے۔

وائٹ ہاؤس میں معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے الزام لگایا کہ عالمی ادارہ صحت کی نااہلی کی وجہ سے دنیا میں کرونا وائرس کے کیسز بیس گنا زیادہ ہوئے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کیا عالمی ادارہ صحت اپنا کردارادا کرتے ہوئے چین میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے طبی ماہرین بھیجتا،اگرایسا ہوتا تو کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکا جاسکتا تھا اوراموات کی تعداد بھی کم ہوتی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فنڈز روکنے کی دھمکی دی تھی، ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر ”چین کی جانب داری“ کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ اس ادارے نے کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے کےلیے فیصلوں اور عملی اقدامات میں بہت تاخیر کی جس کی وجہ سے یہ عالمی وبا سنگین ہوگئی ہے۔