بھارت میں جولائی کے آخر میں وبا زور پکڑ سکتی ہے۔فائل فوٹو
بھارت میں جولائی کے آخر میں وبا زور پکڑ سکتی ہے۔فائل فوٹو

بھارت میں کورونا وائرس میں تیزی۔ہلاکتوں کی تعداد 934 ہو گئی

بھارت میں کورونا وائرس (کووڈ -19) کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اورگزشتہ 24 گھنٹوں میں 1543 نئے کیسز آنے کے ساتھ ہی کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 29 ہزارسے تجاوزکرگئی اوراس دوران 62 مزید افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 934 ہو گئی ہے۔

بھارت کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے اب تک کل 29435 متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 111 غیر ملکی مریض شامل ہیں۔

کورونا وائرس سے متاثر لوگوں کے صحت مند ہونے کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے متاثر 684 لوگوں کے صحت مند ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد 6869 تک پہنچ گئی ہے۔

وزارت صحت کی جانب سے منگل کی صبح جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کا پھیلاؤ ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں ہوچکا ہے۔

کورونا وائرس سے سب سے شدید متاثر مہاراشٹر میں گزشتہ ایک دن میں 992 نئے کیسز کے آنے بعد ریاست میں متاثرین کی تعداد 8590 تک پہنچ گئی ہے اوراس دوران 27 مزید لوگوں کی موت کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 369 ہو گئی ہے۔ وہیں ریاست میں 1282 متاثر مریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔

گجرات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 247 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ متاثرین کی تعداد کے معاملہ میں دوسرے مقام پر برقرار ہے۔ گجرات میں متاثرین کی مجموعی تعداد 3548 ہو گئی ہے اورمزید 11 افراد کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 162 تک پہنچ گئی ہے۔

دارالحکومت دہلی میں حالات تشویشناک ہوتے جا رہے ہیں اگرچہ نئے کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 190 نئے کیسز درج کیے جانے کی وجہ سے اب تک مجموعی طور پر 3108 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ دہلی میں اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 54 ہو گئی ہے جبکہ اب تک کل 877 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔

راجستھان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 77 نئے کیس سامنے آئے ہیں اور ان کا ڈیٹا بڑھ کر 2262 ہو گیا۔ ریاست میں کورونا وائرس سے مزید 13 افراد کی موت کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 46 ہو گئی ہے۔

تمل ناڈو میں 82 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور متاثر مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1937 ہو گئی اور اب تک 24 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔

مدھیہ پردیش میں اس وائرس کی زد میں اب تک 2168 افراد آ چکے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سات اور متاثرین کی موت کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر110 ہو گئی۔

بھارت کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں 87 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 1955 ہو گئی  اور اس دوران دو افراد کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 31 ہو گئی ہے۔ وہیں ریاست میں ابھی تک 335 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔

تلنگانہ میں دو نئے کیس سامنے آئے اور متاثرین کی مجموعی تعداد 1004 ہو گئی۔ ریاست میں اس وبا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی موت نہیں ہوئی ہے جس سے مرنے والوں کی تعداد 26 ہی ہے۔ کیرالہ میں 481 لوگ متاثر ہوئے ہیں اوراب تک چارافراد کی موت ہوئی ہے۔

جنوبی ہندوستان کی ر یاست آندھرا پردیش میں 1183 اور کرناٹک میں 512 متاثرین ہیں اور ان ریاستوں میں بالترتیب 31 اور 20 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد 546 ہے اور سات افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اس کے علاوہ پنجاب میں 18، مغربی بنگال میں 20، ہریانہ اور جھارکھنڈ میں تین تین، بہار میں دو اور میگھالیہ، اڑیسہ، ہماچل اورآسام میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔