14 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست دے چکے ۔فائل فوٹو
14 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست دے چکے ۔فائل فوٹو

 دنیا بھر میں کرونا دو لاکھ 84 ہزار جانیں نگل گیا

 دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 42 لاکھ 20 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد دو لاکھ 84 ہزار سے تجاوزکرگئی۔

عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 15 لاکھ سے زائد افراد کورونا کو شکست  دے چکے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 67 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ 81 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 64 ہزارسے زائد ہو گئی ہے۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار621 سے بڑھ گئی ہے۔

اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 19 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 30 ہزار560 سے زائد ہو گئی ہے۔

برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 19 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 31 ہزار855 سے زائد افرادجان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

فرانس میں ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار390 سے بڑھ گئی ہے۔

جرمنی میں بھی کورونا کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اب تک سات ہزار 569 سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد ایک لاکھ 72 ہزار سے تجاوزکرگئی ہے۔

ترکی میں مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد تین ہزار 737 سے تجاوزکرگئی ہے اورایک لاکھ 38 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

دستیاب اعداد و شمارکے مطابق ایران میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چھ ہزار 589 سے بڑھ گئی ہے۔ ایران میں اب تک ایک لاکھ 7 ہزار 603 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔