فائل فوٹو
فائل فوٹو

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس۔ اعجاز ہارون،عبدالغنی مجید کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری

قومی احتساب بیورو نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اعجاز ہارون، عبدالغنی مجید کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں ہوا جس میں پراسیکیوٹر جنرل اکاؤنٹیبلٹی نیب سید اصغر حیدر، ڈی جی آپریشن نیب ظاہر شاہ، ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

نیب نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اعجاز ہارون سابق چئیرمین پی آئی اے،عبدالغنی مجید اور دیگرکے خلاف ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دے دی۔

ملزمان پرغیر قانونی طورپراوورسیز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لمیٹڈ (کڈنی ہلز) کراچی کے پلاٹس کی جعلی الاٹمنٹ اور جعلی بینک اکاؤنٹس سے ادائیگی کرنے کا الزام ہے، جس سے قومی خزانہ کو بھاری نقصان پہنچا۔

اجلاس میں فیڈرل گورنمنٹ امپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے افسران و اہلکاران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ ایگزیکٹو بورڈ نے سوست ڈرائی پورٹ پر تعینات کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کے افسران و اہلکاران کے خلاف سرکاری فرائض کی انجام دہی میں مبینہ غفلت سے متعلق شکایت قانون کے مطابق نمٹانے کیلیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو بھجوانے کی منظوری بھی دی۔

اس موقع پر جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب کی ذمہ داری کرپشن کا خاتمہ اور لوٹی گئی رقم کی واپسی ہے، نیب کی وفاداری صرف ریاست پاکستان سے ہے، ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب کی کارکردگی کو معتبر قومی اور بین الا قوامی اداروں نے سراہا۔