لاہور قلندر فائنل میں پہنچ جائے گا،فائل فوٹو
لاہور قلندر فائنل میں پہنچ جائے گا،فائل فوٹو

 لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے مات دیدی

کراچی:پاکستان سپرلیگ سیزن 7 کے نویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی۔

لاہور قلندرزکے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 170رنز بناسکی، حیدر علی 49رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان سپرلیگ کا نواں میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اورلاہور قلندرزکے درمیان کھیلا گیا، پشاور زلمی نے ٹاس جیت کرلاہور قلندرزکو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور94 رنز کی شراکت داری قائم کی، اسی دوران عبد اللہ شفیق 41 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جو 114 رنزکے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے، انہوں نے 38 گیندوں پر 3 چھکوں اور6 چوکوں کی مدد سے 66 رنزکی اننگز کھیلی۔

بعد ازاں کامران غلام اور محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکورکو 159 تک پہنچایا تو کامران غلام 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے پھر ڈیوڈ ویزے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

محمد حفیظ اور راشد خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 199 تک پہنچایا۔ لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے، فخر زمان 66 اور عبداللہ شفیق 41 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پشاور زلمی کے نوجوان بولر محمد ارشاد نے دو جبکہ عثمان قادر اور حسین طلعت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور قلندرز کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ ہوسکا کیونکہ حضرت اللہ زازئی پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔

بعد ازاں حسین طلعت 62 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے اوراگلی ہی گیند پرکامران اکمل بھی 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ یوں زلمی کے 62 رنز پر3 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ پھر شعیب ملک آئے تو وہ بھی ناکام رہے اور7 کے انفرادی جبکہ 89 کے مجموعی اسکور پر راشد خان کی گیند پرآؤٹ ہوئے۔

لمی کی پانچویں وکٹ 125 رنز پرگری جب شرفین ردر فورڈ 21 رنز بنا کر پویلین لوٹے، اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بین کٹنگ تھے جو 10 رنز بنا کر 158 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حیدر علی تھے جو 49 رنز پر رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے۔ آخری اوور میں زلمی کو جیت کے لیے 38 رنز درکار تھے۔ زلمی کے کپتان وہاب ریاض بغیر کوئی رن بنائے پویلین روانہ ہوئے، اگلی ہی گیند پر ڈیوڈ ویزے نے عارش علی خان کو بھی آؤٹ کیا۔

پشاور زلمی کے حیدر علی 49 اور کامران اکمل 41 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ لاہور قلندرز کے زمان خان نے تین، شاہین آفریدی اور ڈیوڈ ویزے نے 2،2 جبکہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔