بیٹنگ کے شعبے کو مضبوط بنانے کیلئے ایکسپوژر کی ضرورت ہے، اعجاز احمد

لاہور(اُمت نیوز)پاکستان جونیئر لیگ( پی جے ایل) میں گوجرنوالا جائنٹس کے کوچ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے دور دراز علاقوں نے لاہور اور کراچی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، اب 70 فیصد نوجوان کرکٹرز دور دراز کے پسماندہ علاقوں سے آ رہے ہیں۔

اعجاز احمد نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں 70 فیصد نوجوان لاہور اور کراچی کے ہوتے تھے اب صورتحال اس کے بر عکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جونیئر لیگ کرکٹرز کو ایکسپوژر دے رہی ہے ،والدین بھی خوش ہیں کہ ان کے علاقوں کے نوجوانوں کو معاوضہ مل رہا ہے ،شہروں کے بچے اب موبائل سے جڑ گئے ہیں ،پی جے ایل کی وجہ سے نوجوان اس طرف آئیں گے ،لاہور اور کراچی کرکٹ کا گڑھ تھے اب ان شہروں کی ٹیموں میں دیگر علاقوں کے نوجوان ہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نےکہا کہ بیٹنگ کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے ایکسپوژر کی ضرورت ہے ،بیٹنگ آرٹ ہیں جتنا کھیلیں گے آرٹ اتنا پختہ ہو گا،جونیئر کی سطح کی ٹیموں کے آسٹریلیا انگلینڈ ، جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ دورے ہونے چاہئیں ،اگر ٹوورز نہیں ہوں گے تو بیٹنگ لائن اپ کے مسائل ایسے ہی رہیں گے۔