ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: جنوبی افریقہ کےہاتھوں بھارت کو شکست

آسٹریلیا(اُمت نیوز)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ 2 کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دے دی، جس کے ساتھ ہی پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر رہ گئے۔
بھارت کی جانب سے دیا گیا 134 رنز کا ہدف جنوبی افریقہ نے آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
پرتھ میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اننگز کے آغاز میں ہی فاسٹ بولنگ ٹریک پر جنوبی افریقہ فاسٹ بولر لُنگی این گیڈی نے بھارتی ٹاپ آرڈر تہس نہس کردیا۔
انہوں نے 41 کے مجموعے پر کے روہیت شرما، کے ایل راہول اور ویرات کوہلی کو پویلین لوٹا دیا۔
اینرک نورکیا نے بھی موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 42 کے مجموعے پر دیپک ہوڈا کو کیچ آؤٹ کروایا تو این گیڈی نے اپنی تباہ کن بولنگ جاری رکھتے ہوئے 49 کے مجموعے پر ہاردیک پانڈیا کو کیچ آؤٹ کروادیا۔
وکٹ کی دوسری جانب موجود سریا کمار یادیو اپنی ٹیم کے لیے جنوبی افریقہ بولرز کے سامنے ڈٹ گئے، انہوں نے 40 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 133 کے مجموعے تک پہنچایا۔
بھارت کے دیگر بلے بازوں میں روہیت شرما 15 اور ویرات کوہلی 12 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہیں ہوسکا۔
بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز ہی بناسکی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی این گیڈی نے 4 اور وین پارنیل نے 3 وکٹیں لیں جبکہ اینرک نورکیا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں ابتدا میں جنوبی افریقی ٹیم مشکلات کا شکار رہی جہاں اس کی دو اہم وکٹیں 10 سے قبل ہی گر گئیں جبکہ 24 کے مجموعے تک کپتان ٹیمبا باووما بھی پویلین لوٹ گئے۔
ایسے میں ایڈن مارکرم اور ڈیوڈ ملر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76 رنز کی فتح گر پرفارمنس بنا کر اپنی ٹیم کو جیت کے قریب کردیا۔
ایڈن مارکرم 100 کے مجموعے پر 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم ڈیوڈ ملر نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور آخری اوور میں دو لگاتار چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو اہم جیت دلوائی، انہوں نے 59 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے دیگر کھلاڑیوں میں ٹمبا باووما 10 رنز بنا کر قابلِ ذکر کھلاڑی رہے۔
بھارت کی طرف سے ارشدیپ سنگھ 2 وکٹیں لے کر کامیاب بولر ٹھہرے جبکہ محمد شامی، ہاردیک پانڈیا اور روی ایشوین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقی بولر لنگی این گیڈی کو تباہ کن بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔