بابراعظم سے متعلق نجم سیٹھی کا بڑا بیان سامنے آگیا

لاہور(اُمت نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سمیت دیگر اہم کھلاڑیوں کو افغانستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آرام دینے سے متعلق نجم سیٹھی کا بڑا بیان سامنے آگیا ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کا کہنا ہے کہ بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان اور حارث رؤف کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت آرام دیا گیا ہے۔
قومی ٹیم کی کپتانی سے متعلق قیاس آرائیوں پر نجم سیٹھی نےرد عمل دیتے ہوئے کہا کہ کپتانی کے معاملے پر کوئی سازش نہیں ہو رہی، نیشنل سکواڈ کے کپتان بابر اعظم برقرار رہیں گے، وہ ہمارے ٹاپ سٹار ہیں، ہمارے حالیہ فیصلے کوانہوں نے سراہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم میرا کپتان ہے کبھی خطرہ تھا، نہ ہے، آرام کرنا بھی ضروری ہے اور فریش بلڈ بھی لانا ضروری ہے، کسی بھی کھلاڑی کو ٹیم سے نہیں نکالا، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں تمام کھلاڑی ان ایکشن ہوں گے، بابر خود کسی فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنا چاہیں تو یہ ان کی مرضی ہو گی۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا جس میں شاداب خان کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔