بھوک کا مارا طالبعلم 45 کروڑ مالیت کے فن پارے میں لگا ‘‘کیلا’’ کھا گیا

جنوبی کوریا(امت نیوز) ایک بھوک کا مارا طالب علم بیش قیمت فن پارے پر لگا کیلا کھا گیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق عجیب و غریب واقعہ جنوبی کوریا میں پیش آیا، جب ایک طالب علم نے دیوار پر لگے بیش قیمت فن پارے میں لگا کیلا کھا لیا۔ اس فن پارے کی قیمت تقریباً ایک لاکھ 60 ہزار ڈالر جو کہ پاکستانی روپوں میں 45 کروڑ بنتی ہے۔

سیئول شہر میں اطالوی فنکار موریزیو کیٹے لِن نے دیوار پر ٹیپ سے چپکا کر ایک پکا ہوا کیلا فن پارے پر لگا کر اسے کامیڈین کا نام دیا تھا۔ اس بیش قیمت فن پارے کو لیئم میوزیم آف آرٹ کی دیوار پر لگایا گیا تھا، جہاں دورے پر آئے طالب علم نے نہایت سکون کے ساتھ ٹیپ اتار کر کیلا کھا لیا اور ٹیپ واپس دیوار پر لگادیا۔

بعد ازاں انتظامیہ نے خالی جگہ پر دوسرا کیلا لگایا، تاہم طالب علم سے کیلا کھانے کی وجہ پوچھے جانے پر اس نے بتایا کہ اسے بھوک لگی تھی۔میوزیم کے ترجمان کے مطابق یہ سب کچھ اس تیزی سے ہوا کہ کوئی بھی اس عمل کو روک نہ سکا۔

بعد ازاں فنکار سے رابطہ کرکے پوری بات بتائی گئی، تاہم اس نے کسی قسم کا ردعمل ظاہر نہیں کیا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ حرکت آرٹ کا کام تباہ کرنا سمجھا جا سکتا ہے مگر فن پارے کے خالق موریزیو نے بس اتنا کہا کہ کوئی مسئلہ نہیں۔