کراچی : سوبھراج اسپتال میں بچوں کی او پی ڈی کا اعلان

کراچی : میئرکراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نےکہا ہے کہ شہر میں میٹرنٹی خدمات کےحوالے سے معتبر سمجھےجانیوالے سوبھراج میٹرنٹی اسپتال میں نوزائیدہ بچوں کی صحت اور نگہداشت کے حوالےسےخصوصی شعبے کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی جس کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت سوبھراج میٹرنٹی اسپتال میں بچوں کے لیے او پی ڈی سروس بھی شروع کی جائیگی،یہ اقدام نو زائیدہ بچوں کےعلاج معالجےکے لیےمعیاری خدمات کی فراہمی کی راہ ہموار کرے گا اور شہریوں کو بچوں خصوصاً نوزائیدہ بچوں کی صحت اور علاج کےحوالےسےمعیاری سہولیات دستیاب ہوں گی.

یہ بات انہوں نےبلدیہ عظمیٰ کراچی میں سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی کےساتھ سوبھراج میٹرنٹی اسپتال میں نوزائیدہ بچوں کی صحت اورنگہداشت کےحوالےسےخصوصی شعبہ قائم کرنےسےمتعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے دوران کہی،اس موقع پر میونسپل کمشنرافضل زیدی، ایگزیکٹو ڈائریکٹرسندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی جمال رضا،سینئرڈائریکٹر میڈیکل اینڈہیلتھ سروسز بلدیہ عظمیٰ کراچی ڈاکٹر ندیم آصف، ایم ایس سوبھراج اسپتال ڈاکٹرحوریا بھی موجود تھے۔میئرکراچی نے کہا کہ حکومت سندھ سےفراہم کئےجانیوالے فنڈزکےذریعے 6 ماہ کے اندر اس منصوبے پر کام شروع ہوجائے گا، پیڈیاٹرک وارڈ اور او پی ڈی سوبھراج اسپتال کی پرانی عمارت کی چوتھی منزل پر قائم کی جائے گی.

سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیو نیٹو لوجی پیڈیاٹرک سروس سے متعلق ڈیٹا ریسرچ کے لیے اسپتال کو فراہم کرے گا، معاہدے کے تحت پیڈیا ٹرک شعبے سےمتعلق ماہانہ رپورٹ اسپتال کی انتظامیہ کو ارسال کی جائے گی جس کی روشنی میں آئندہ کے لئے حکمت عملی تیار ہوگی۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی، محکمہ صحت سندھ کے ذریعے اس معاہدے پر کام کو آگے بڑھائے تاکہ فنانس ڈپارٹمنٹ سے فنڈز کی ریلیزبروقت ہوسکے، ہماری طرف سے اس سلسلے میں تمام کام پیشگی مکمل کرلئے جائیں تاکہ عملی اقدامات میں کوئی رکاوٹ نہ رہے ۔