کراچی : صدرجامعہ اردوکی سینیٹ کااجلاس طلب کریں،انجمن اساتذہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انجمن اساتذہ،وفاقی اردو یونیورسٹی (عبدالحق کیمپس) نے یونیورسٹی میں اساتذہ اور معاون تدریسی عمال کی تنخواہوں، ہائوس سیلنگ کی عدم ادائیگی اور میڈیکل کی بندش کےمعاملے پر صدر پاکستان اور یونیورسٹی کے چانسلر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس بحران کانوٹس لیتے ہوئے سینیٹ کااجلاس طلب کریں، مستقل وائس چانسلر سرچ کمیٹی کوکام جاری رکھنےکی ہدایت کریں۔یونیورسٹی میں فوری طور پر مالی ایمرجنسی کا نفاذکرکےخصوصی آڈٹ کروایا جائے۔

موجودہ قائم مقام انتظامیہ نے یونیورسٹی کی فنانس کمیٹی ، سینڈیکیٹ اور سینیٹ سے منظوری حاصل کیے بغیرغیر منظور شدہ اخراجات کی مد میں کروڑوں کےاخراجات کیے ہیں جبکہ ہائرایجوکیشن کمیشن کی ہدایات اورطریقہ کار کی مسلسل خلاف ورزیوں کی وجہ سے یونیورسٹی کو شدید تعلیمی ،انتظامی و مالی بحران کاسامنا ہے۔ یونیورسٹی میں قائم مقام انتظامیہ سرچ کمیٹی کے کام میں تاخیری حربےاستعمال کرکےعارضی دور اقتدار میں اضافہ کرنے پر بضدہے۔ اساتذہ اور معاون تدریس عمال کی تنخواہیں ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے وصول ہوتی ہیں لیکن قائم مقام انتظامیہ نےغیرمنظور شدہ اخراجات میں اس قدر اضافہ کر لیا ہے کہ مستقل ملازمین کی تنخواہوں ، پنشن اور سیلنگ کی بروقت ادائیگی نہیں ہو پارہی ۔ تنخواہوں، سیلنگ ، پنشن اور میڈیکل جیسی بنیادی سہولت کوجاری رکھنےکے لیےضروری ہےکہ دیگر تمام اضافی الاؤنسز اور غیر ضروری اخراجات پرفوری طور پر پابندی عائدکی جائے۔ انتظامی عہدوں پر جونئیر ملازمین کو بٹھا کر سینئر پوسٹ یا اضافی عہدوں کے الاؤنسزکی ادائیگیاں کرنے سے بہتر ہے سینئراور متعلقہ ملازمین کو ان عہدوں پر بحال کرکےکام لیاجائے ۔