اٹلی نے اسرائیل کے ساتھ دفاعی معاہدہ معطل کر دیا

اٹلی اسرائیل کے ساتھ اپنے دفاعی معاہدے کی تجدید نہیں کر رہا۔اطالوی وزیر اعظم

               
April 14, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

وینس: اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر اسرائیل کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے کی خودکار تجدید (Automatic Renewal) کو معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اطالوی وزیر اعظم نے یہ اہم اعلان ویرونا میں ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

جورجیا میلونی نے کہا ہے کہ اٹلی اسرائیل کے ساتھ اپنے دفاعی معاہدے کی تجدید نہیں کر رہا۔ یہ معاہدہ ہر پانچ سال بعد خودکار طور پر تجدید کے بعد نئے دورانیہ کے لیے دونوں مُمالک کے درمیان روابط کا باعث بنتا تھا اور اس میں فوجی ساز و سامان کے تبادلے اور مشترکہ تحقیق کا تعاون شامل تھا۔

اطالوی خبر رساں ایجنسی ‘انسا’ (Ansa) کے مطابق، اس معاہدے میں فوجی ساز و سامان کا تبادلہ اور دفاعی ٹیکنالوجی کی تحقیق میں باہمی تعاون شامل ہے۔

جارجیا میلونی کا کہنا تھا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے اس معاہدے کی خودکار تجدید روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اطالوی وزیر اعظم نے امن مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی کوششوں کا مقصد خطے میں استحکام لانا اور آبنائے ہرمز جیسے اہم تجارتی راستوں کو بحال رکھنا ہونا چاہیے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اور لبنان کی صورتحال پر عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے۔ اٹلی نے حال ہی میں لبنان میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن (UNIFIL) پر ہونے والے حملوں پر بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔