امریکا سے پیغامات کا تبادلہ جاری، آج پاکستانی وفد تہران آئے گا، ایرانی ترجمان

مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے آرہا ہے، یورینیم افزودگی سے دستبردار نہیں ہوں گے، اسماعیل بقائی

               
April 15, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان پیغامات کا تبادلہ پاکستان کے ذریعے بدستور جاری ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان بالواسطہ رابطوں میں پیش رفت کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

پریس بریفنگ کے دوران اسماعیل بقائی نے بتایا کہ ایرانی وفد کے پاکستان سے واپس آنے کے بعد بھی امریکا کے ساتھ متعدد پیغامات کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رابطے اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کا تسلسل ہیں۔

ترجمان کے مطابق امکان ہے کہ ایران آج ایک پاکستانی وفد کی میزبانی کرے گا، جو مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے تہران پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وفد دونوں ممالک کے درمیان جاری سفارتی کوششوں کا حصہ ہوگا۔

اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہونے والی بات چیت کے دوران جنگ کے مکمل خاتمے، ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے اور نقصانات کے ازالے جیسے اہم امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران آبنائے ہرمز کا محافظ ہے اور خطے میں اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ ترجمان نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ ایران یورینیم کی افزودگی کے اپنے حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق تہران اور اسلام آباد کے درمیان مذاکراتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق پایا جاتا ہے، جس کے تحت مزید سفارتی رابطوں کا امکان ہے۔