ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی ماسکو روانہ، صدرپیوٹن سے اہم ملاقات کریں گے

ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کے دوران جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کی شرائط اور مؤقف سے آگاہ کیا۔

               
April 26, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد ماسکو روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ روسی صدر ولادیمیرپیوٹن سے سے اہم ملاقات کریں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کے دوران جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کی شرائط اور مؤقف سے آگاہ کیا۔ یہ دورہ خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایران نے اپنے مؤقف کو تحریری شکل میں پاکستان کے ذریعے امریکہ تک پہنچایا ہے، جسے بیک چینل سفارتکاری کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ پاکستان اس عمل میں ایک اہم ثالثی کردار ادا کر رہا ہے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست مذاکرات کے بجائے پیغامات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق عباس عراقچی نے پاکستان میں قیادت سے ملاقاتوں کے دوران جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے ایک فریم ورک بھی پیش کیا، جبکہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار بھی کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماسکو میں ہونے والی متوقع ملاقات میں ایران روس کے ساتھ خطے کی صورتحال، جنگ کے خاتمے کے امکانات اور عالمی سطح پر سفارتی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کرے گا۔ ماہرین کے مطابق روس اس معاملے میں ایک اہم شراکت دار اور ممکنہ سفارتی سہولت کار کا کردار ادا کر سکتا ہے۔