بحرین نے ایران کی حمایت کرنے پر متعدد افراد کی شہریت منسوخ کر دی
فیصلے کے تحت، ان کے زیرِ کفالت اہلِ خانہ سمیت کُل 69 افراد متاثر ہوئے ہیں،بحرینی وزارت داخلہ
فائل فوٹو
منامہ: بحرین کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ اس نے اُن افراد کی شہریت منسوخ کر دی ہے جنھوں نے ’ایران کے معاندانہ اور مجرمانہ اقدامات کی حمایت یا تعریف کا اظہار کیا۔ وزارت نے واضح کیا کہ یہ اقدام اُن افراد کے خاندانوں پر بھی لاگو ہوگا جن پر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
بحرین خطے کے اُن کئی ممالک میں شامل ہے جنھوں نے جنگ کے دوران ایرانی حملوں سے متعلق معلومات کو سختی سے کنٹرول کیا، اور اُن مقامی و غیر ملکی افراد کو گرفتار کیا جنھوں نے ان حملوں کی ویڈیوز بنائیں۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر لکھا کہ ’ایران کی معاندانہ اور مجرمانہ کارروائیوں سے ہمدردی اور ان کی تعریف کرنے والوں کی بحرینی شہریت منسوخ کی جا رہی ہے۔ اب تک اس فیصلے کے تحت، ان کے زیرِ کفالت اہلِ خانہ سمیت کُل 69 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
بحرین میں، ایران کی طرح، آبادی کی اکثریت شیعہ ہے اور تنازع کے ابتدائی مرحلے میں ایران کے حق میں مظاہرے دیکھنے میں آئے۔ حکام نے مظاہرین اور مظاہروں کی ویڈیوز بنانے والوں کو بڑے پیمانے پر گرفتار کیا اور درجنوں افراد پر سوشل میڈیا کے غلط استعمال، اشتعال انگیزی، نفرت پھیلانے یا غداری جیسے الزامات عائد کیے۔ ان جرائم میں سزائے موت ہو سکتی ہے۔