ایران جنگ کے آغاز کے بعد پہلا ایل این جی کارگو آبنائے ہرمز عبور کر گیا

مذکورہ ٹینکر نے متحدہ عرب امارات میں ابوظبی نیشنل آئل کمپنی کے داس آئی لینڈ پلانٹ سے مارچ کے اوائل میں ایل این جی لوڈ کی تھی۔ رپورٹ

               
April 28, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

نیو یارک: ایران پر مسلط کردہ جنگ کے 2 ماہ بعد ایل این جی کی پہلی کھیپ آبنائے ہرمز عبور کر کے خلیجِ فارس سے باہر نکل گئی ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے بلوم برگ نے اپنی ایک رپورٹ میں جہازوں کی نقل و حرکت کے ڈیٹا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ’مبارز‘ نامی ٹینکر بھارت کے جنوبی ساحل کے قریب سے گزر رہا تھا۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ جہاز نے مارچ کے آخر میں ایک ماہ کے لیے اپنا آٹومیٹک آئیڈینٹیفکیشن سسٹم (اے آئی ایس) بند کر دیا تھا، جس کے بعد پیر کے روز انڈیا کے ساحل کے قریب اس نظام سے دوبارہ سگنلز موصول ہونا شروع ہوئے۔

کپلر کے تجزیہ کار چارلس کوسٹرَوس نے ایک تجزیاتی نوٹ میں کہا امکان ہے کہ جہاز نے 18 اور 19 اپریل کے ہفتہ وار اختتام پر آبنائے ہرمز کامیابی سے عبور کر لی ہو، جو دیگر چند جہازوں کی عبوری کوششوں کے ساتھ ہم آہنگ تھا، تاہم اس کی اب تک باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔‘

رپورٹ کے مطابق مذکورہ ٹینکر نے متحدہ عرب امارات میں ابوظبی نیشنل آئل کمپنی کے داس آئی لینڈ پلانٹ سے مارچ کے اوائل میں ایل این جی لوڈ کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق یہ ٹینکر اس سے قبل خلیجِ فارس کے اندر ہی رُکا ہوا تھا تاہم 31 مارچ کے قریب اس نے اپنا ٹریکنگ سگنل بھیجنا بند کر دیا تھا۔