ثالثی کا کردار: قطر کا پاکستان کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعلان
قطر آبنائے ہرمز کے حوالے سے کسی بھی قسم کی دھمکی یا بندش کو قبول نہیں کرے گا، وزارت خارجہ
فائل فوٹو
دوحہ: قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ قطر آبنائے ہرمز کے حوالے سے کسی بھی قسم کی دھمکی یا بندش کو قبول نہیں کرے گا۔
قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے آبنائے ہرمز کو سودے بازی کے آلے کے طور پر استعمال کرنے کے خطرات سے خبردار کیا اور کہا کہ اس کا عالمی توانائی کے تحفظ سے براہِ راست تعلق ہے، اور اس امر پر زور دیا کہ ’اس قسم کے اقدامات غیر ذمہ دارانہ مہم جوئی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔‘
الانصاری نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان ثالثی کے کردار میں بہترین کام کر رہا ہے۔
قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ’ہم اس اقدام کی حمایت کرتے ہیں اور اس معاملے پر علاقائی سطح پر اور اس سے باہر اپنے تمام شراکت داروں کے ساتھ ہمیشہ رابطے اور ہم آہنگی میں رہے ہیں۔‘ انھوں نے کہا کہ ہم ثالث کے طور پر پاکستان کے مقصد کے حوالے سے اس کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے رہیں گے۔
انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات کے دائرے کو وسیع کرنے کی ضرورت نہیں، بلکہ پرامن اور سفارتی حل کی حمایت کی جانی چاہیے۔