برطانوی شاہ چارلس کا ٹرمپ کے لیے گھنٹی کا تحفہ
’اگر کبھی ہم سے رابطہ کرنا ہو تو بس گھنٹی بجا دیجیے گا۔ شاہ چارلس
برطانیہ کے بادشاہ چارلس اور ملکہ کمیلا پارکر کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں ایک سرکاری عشائیہ دیا گیا۔ اس موقع پر برطانوی بادشاہ اور امریکی صدر کی گفتگو میں مزاح کے ساتھ ساتھ تاریخی حوالے بھی شامل تھے۔ جبکہ شاہ چارلس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک گھنٹی کا تحفہ بھی دیا۔
بی بی سی کے مطابق برطانوی بادشاہ نے اوکس (آسٹریلیا، برطانیہ اور امریکہ میں اتحاد) اور نیٹو اتحاد کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ’دونوں ملکوں میں تیکنیکی اور عسکری تعاون بڑھایا جا سکے۔
اس کے بعد انھوں نے سنہ 1944 میں برطانیہ کے ایک شپ یارڈ سے لانچ کی گئی ایک آبدوز کا ذکر کیا۔
اس آبدوز کا نام ایچ ایم ایس ٹرمپ تھا اور اس نے دوسری عالمی جنگ میں حصہ لیا تھا۔ شاہ چارلس نے اس آبدوز میں نصب گھنٹی بطور تحفہ امریکی صدر کو دی اور کہا ’اگر کبھی ہم سے رابطہ کرنا ہو تو بس گھنٹی بجا دیجیے گا۔