مقبوضہ بیت المقدس: سلوان میں فلسطینی گھروں کو مسمار کرنے کے نوٹس جاری
سلوان کے علاقے راس العامود میں متعدد گھروں پر مسماری کے نوٹس چسپاں، یہ علاقہ مسجد اقصی کے جنوب میں واقع ہے۔
فائل فوٹو
بیت المقدس: اسرائیلی قابض فورسز نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کے علاقے سلوان میں فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی ‘وفا’ کی رپورٹ کے مطابق یروشلم گورنریٹ نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی حکام نے سلوان کے علاقے راس العامود میں متعدد گھروں پر مسماری کے نوٹس چسپاں کیے ہیں۔ یہ علاقہ مسجد اقصی کے جنوب میں واقع ہے۔
مقامی ذرائع اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی انتظامیہ کی جانب سے تعمیراتی اجازت نامے نہ ہونے کا بہانہ بنا کر فلسطینیوں کو اپنے ہی گھر گرانے پر مجبور کیا جا رہا ہے، جس میں ناکامی پر بھاری جرمانے اور مسماری کے اخراجات بھی متاثرہ خاندانوں سے وصول کیے جاتے ہیں۔