حزب اللہ کے ڈرون حملے ،ایک اسرائیلی فوجی ہلاک، 12 زخمی

ڈرون حملے کے بعد فوجی گاڑی میں آگ لگ گئی، قریبی آرٹلری پوزیشن پر موجود گولہ بارود کے پھٹنے سے دھماکوں کی شدت میں اضافہ ہوا۔ اسرائیلی میڈیا

               
April 30, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

یروشلم/بیروت:جنوبی لبنان اور شمالی اسرائیل میں حزب اللہ کے ڈرون حملوں میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک، 12 زخمی ہو گئے۔

اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جاری کشیدگی میں اس وقت مزید شدت آگئی جب جنوبی لبنان اور شمالی اسرائیل میں ہونے والے 2 مختلف حملوں میں اسرائیلی فوج کو جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

اسرائیلی فوج (IDF) کے مطابق جنوبی لبنان کے گاؤں قنطره میں حزب اللہ کے ایک خودکش ڈرون حملے میں 19 سالہ سارجنٹ لیم بن ہامو  ہلاک ہو گئے۔ لیم بن ہامو کا تعلق گولانی بریگیڈ کی 13 ویں بٹالین سے تھا اور وہ ہرزلیہ کے رہائشی تھے۔

حزب اللہ نے اسرائیلی پوزیشنز کو نشانہ بنانے کے لیے دو بارود بردار ڈرونز روانہ کیے۔ فوج کے مطابق ایک ڈرون کو مار گرایا گیا، جبکہ دوسرا فوجیوں کے قریب جا گرا۔دھماکے کے نتیجے میں ایک فوجی درجے کا زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل شمالی اسرائیل کے علاقے شومیرہ میں حزب اللہ کے ایک اور ڈرون حملے نے اسرائیلی فوج کی ایک بکتر بند گاڑی کو نشانہ بنایا۔

 اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس حملے میں مجموعی طور پر 12 فوجی زخمی ہوئے۔زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک (متوسط) بتائی جا رہی ہے، جبکہ باقی 10 فوجی معمولی زخمی ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ڈرون حملے کے بعد فوجی گاڑی میں آگ لگ گئی اور قریبی آرٹلری پوزیشن پر موجود گولہ بارود کے پھٹنے سے دھماکوں کی شدت میں اضافہ ہوا۔