اسرائیلی فضائی حملوں میں لبنانی فوج کے اہلکار سمیت 14 افراد جاں بحق
کفر رمان میں اسرائیلی فضائیہ نے ایک رہائشی مکان کو براہ راست نشانہ بنایا۔
فوٹو سوشل میڈیا
بیروت: لبنان کے جنوبی علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں لبنانی فوج کے اہلکار سمیت کم از کم 14 افراد جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق، لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ حالیہ حملوں میں ضلع نبطیہ کے قصبے کفر رمان میں اسرائیلی فضائیہ نے ایک رہائشی مکان کو براہ راست نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں لبنانی فوج کا ایک سپاہی اور اس کے خاندان کے کئی افراد اپنے ہی گھر میں جاں بحق ہو گئے۔
جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے حملوں میں مجموعی طور پر 14 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ لبنانی فوج نے باقاعدہ بیان جاری کرتے ہوئے اپنے اہلکار اور اس کے اہل خانہ کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔حملے کا ہدف ایک رہائشی مکان تھا، جسے مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
لبنانی فوج نے اس کارروائی کو سویلین آبادی اور فوجی اہلکاروں پر براہ راست حملہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ جنوبی لبنان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مسلسل فضائی بمباری نے علاقے میں انسانی بحران کی صورتحال پیدا کر دی ہے، جبکہ طبی عملہ اور امدادی ٹیمیں ملبے سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔