ایران سے پھر جنگ، اسرائیل میں تیاری شروع، ہائی الرٹ جاری

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی منظوری دینے والے ہیں،ٹائمز آف اسرائیل

               
April 30, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تل ابیب: ایران سے پھر جنگ کے لیے اسرائیل نے تیاریاں شروع کردی ہیں ملک بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ٹائمز آف اسرائیل نے معروف اسرائیلی میڈیا چینل 12 کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ اقدامات ان اطلاعات کے بعد اٹھائے گئے ہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی منظوری دینے والے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے صدر ٹرمپ کو آج فوجی اختیارات پر خصوصی بریفنگ دی ہے، اسرائیلی حکام واشنگٹن کے معاملات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکام کا اندازہ ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات اگلے ہفتے کے آغاز تک ناکامی سے دوچار ہو سکتے ہیں، جس کے بعد فوجی آپشنز کا استعمال ناگزیر ہو جائے گا۔

حکومت نے اسرائیلی کابینہ کے وزراء کو دی گئی بریفنگ میں یہ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ امریکہ اپنی اقتصادی دباؤ کی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے آبنائے ہرمز میں ایرانی گیس، توانائی کی تنصیبات اور حکومتی ڈھانچے پر حملے کر سکتا ہے۔