اسرائیلی حملے میں لبنانی فوجی اور اہل خانہ شہید
31 سالہ علی رفعت جابر کو جنوبی لبنان کے علاقے نابتیہ کے قصبے میں شہیدکیا گیا
لبنان کی فوج نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ایک اسرائیلی حملے میں ایک حاضر سروس فوجی اور اس کے “اہل خانہ کے کئی افراد” جنوبی لبنان کے علاقے نابتیہ کے قصبے کفر ریمان میں شہید ہوگئے۔
فوجی کمان نے 31 سالہ علی رفعت جابر کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے گھر پر “دشمن اسرائیلی نشانے” کے نتیجے میں اہل خانہ سمیت جان سے گئے۔
بیان کے مطابق جابر کو کئی تمغے اور اعزازات حاصل تھے اور انہیں متعدد بار فوجی کمانڈر کی جانب سے سراہا گیا تھا۔ یہ بات سوشل میڈیا پر جاری پوسٹ میں کہی گئی۔
لبنانی میڈیا کے مطابق جمعرات کو جنوبی اور مشرقی لبنان میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی کارروائیوں پر شدید غم و غصہ بڑھ رہا ہے۔