ایران کی نئی تجاویز ناقابلِ قبول، نیتن یاہو کو معافی ملنی چاہیے ، ٹرمپ

ایرانی ایک ڈیل کرنا چاہتے ہیں لیکن میں ان کی پیشکش سے مطمئن نہیں ہوں ، انٹر ویو

               
  May 4, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن/تل ابیب: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے جنگ بندی اور علاقائی تنازع کے حل کے لیے پیش کی گئی نئی تجاویز کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے انہیں “ناقابلِ قبول” قرار دے دیا ہے۔ دوسری جانب انہوں نے اسرائیلی صدر پر زور دیا ہے کہ وہ بدعنوانی کے مقدمات کا سامنا کرنے والے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو فوری طور پر صدارتی معافی دیں۔

اسرائیلی میڈیا آؤٹ لیٹ ‘کان نیوز’ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے تہران کی جانب سے موصول ہونے والی تجاویز کا باریک بینی سے مطالعہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا میں نے اسے پڑھا ہے، میں نے ہر چیز کا جائزہ لیا ہےیہ قابلِ قبول نہیں ۔ ایرانی ایک ڈیل کرنا چاہتے ہیں لیکن میں ان کی پیشکش سے مطمئن نہیں ہوں۔ کچھ ایسی چیزیں ہیں جن پر میں اتفاق نہیں کر سکتا۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران نے ابھی تک اپنے ماضی کے اقدامات کی وہ “قیمت” ادا نہیں کی جو اسے کرنی چاہیے تھی۔ یاد رہے کہ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات تعطل کا شکار نظر آ رہے ہیں۔

انٹرویو کے دوران صدر ٹرمپ نے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کو مخاطب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ ‘بی بی’ (نیتن یاہو) کے خلاف جاری بدعنوانی کے مقدمات ختم کر کے انہیں معافی دے دیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو ایک “جنگی وزیر اعظم” ہیں اور انہیں قانونی چارہ جوئی کے بجائے اپنی توجہ جنگ پر مرکوز رکھنی چاہیے۔

ٹرمپ نے کہاکہاگر میں اور بی بی نہ ہوتے تو آج اسرائیل کا وجود نہ ہوتا۔آپ کو ایک ایسا وزیر اعظم چاہیے جو جنگ پر توجہ دے سکے، نہ کہ فضولیات پر۔اپنے صدر سے کہیں کہ بی بی کو معاف کر دیں۔ وہ اگر ایسا کرتے ہیں تو وہ ایک قومی ہیرو بن جائیں گے۔