جنگ بندی خاتمے کی نئی امریکی تجویز زیرِ غور ہے، حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا،ایران
ایران کی توجہ صرف جنگ کے مکمل خاتمے پر مرکوز ہے ،اسماعیل بقائی
فائل فوٹو
تہران: ایران نے تصدیق کی ہے کہ امریکا کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لیے بھیجی گئی نئی تجویز زیرِ غور ہے، تاہم اس پر حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی پیغام پاکستان کے ذریعے موصول ہوا ہے۔اس وقت اس تجویز کی تفصیلات پر بات نہیں کی جا سکتی کیونکہ یہ معاملہ ابھی جائزے کے مرحلے میں ہے۔امریکا کی جانب سے اکثر غیر معمولی اور غیر معقول مطالبات سامنے آتے ہیں، جس کی وجہ سے اس تجویز کا جائزہ لینا بھی آسان نہیں۔
ترجمان نے ان خبروں کو بھی مسترد کیا جن میں ایران کے جوہری پروگرام، خصوصاً یورینیم افزودگی یا جوہری مواد سے متعلق مذاکرات کا ذکر کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے گردش کرنے والی زیادہ تر خبریں محض قیاس آرائیاں ہیں اور حقیقت پر مبنی نہیں۔فی الحال ایران کی توجہ صرف جنگ کے مکمل خاتمے پر مرکوز ہے اور آئندہ کے اقدامات کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق مستقبل کی حکمت عملی کا تعین موجودہ صورتحال کے مطابق کیا جائے گا۔