ہمارے اثاثوں سے دور رہو ، امریکا کی ایران سخت وارننگ

امریکی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے فائر کیے گئے متعدد کروز میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ایڈمرل بریڈ کوپر

               
  May 4, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکہ کی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے ایران کو دوٹوک الفاظ میں دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی افواج امریکی فوجی اثاثوں سے دور رہیں۔ ‘پروجیکٹ فریڈم’ کے آغاز کے بعد خطے میں کشیدگی انتہا کو پہنچ گئی ہے۔

ایڈمرل کوپر نے انکشاف کیا کہ حالیہ کارروائیوں کے دوران امریکی افواج نے ایران کی 6 کشتیوں کو غرق کر دیا ہے، جو تجارتی جہاز رانی میں مداخلت کی کوشش کر رہی تھیں۔ اس کے علاوہ امریکی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے فائر کیے گئے متعدد کروز میزائلوں اور ڈرونز کو بھی فضا میں ہی تباہ کر دیا۔

کمانڈر سینٹ کام نے واضح کیا کہ ‘پروجیکٹ فریڈم’ ایک خالصتاً دفاعی آپریشن ہے جس کا مقصد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کو بحال کرنا ہے۔

امریکہ نے خطے میں اپنے جدید ترین تباہ کن جہاز (Destroyers) تعینات کر دیے ہیں۔اس وقت خلیجی پانیوں میں 87 ممالک کے جہاز موجود ہیں۔ ایڈمرل کوپر نے تمام ممالک کے جہازوں کو بلا خوف آبنائے ہرمز پار کرنے کی ترغیب دی اور یقین دلایا کہ امریکی افواج انہیں تحفظ فراہم کریں گی۔

ایڈمرل بریڈ کوپر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران کی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی جاری رہے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ ناکہ بندی “توقعات سے زیادہ کامیاب” ثابت ہو رہی ہے اور اس نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کی جارحانہ صلاحیتوں کو محدود کر دیا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق ایرانی فورسز مسلسل تجارتی جہازوں پر میزائل اور ڈرون حملے کر رہی ہیں، جس کے جواب میں امریکہ نے ان جہازوں کو “سیکیورٹی کور” فراہم کرنا شروع کر دیا ہے۔

ایڈمرل کوپر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہم ایرانی حملوں کا مقابلہ جاری رکھیں گے اور کسی بھی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔