14 نکاتی مفاہمتی یادداشت پر کام، جنگ بندی فریم ورک زیر غور
امریکی اخبار وال اسٹریٹ ضنرل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات اگلے ہفتے اسلام آباد میں دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق معاملے سے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک ثالثی کردار ادا کرنے والی شخصیات اور ممالک کے تعاون سے ایک صفحے پر مشتمل 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) تیار کر رہے ہیں۔ اس دستاویز میں ایک ماہ پر محیط مذاکراتی فریم ورک شامل ہوگا، جس کا مقصد جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے خاتمے کی راہ نکالنا ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ مسودے میں ایران کے جوہری پروگرام، آبنائے ہرمز میں کشیدگی کم کرنے اور ایران کے انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخائر کسی تیسرے ملک منتقل کرنے جیسے حساس معاملات پر گفتگو شامل ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کئی اہم نکات تاحال حل طلب ہیں، جن پر دونوں فریقوں کے درمیان مزید مشاورت جاری ہے۔