12 سال تک نیوکلیئر پروگرام معطل کرنے کے بدلے پابندیاں نرم کرنے،منجمد اثاثے جاری کرنے کی پیشکش
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران معاہدہ چاہتا ہے، جبکہ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کا “آرمڈا” (بحری بیڑا) وینزویلا آپریشن سے بھی بڑا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن نے رواں ہفتے ایران کو 14 نکات پر مشتمل ایک دستاویز ارسال کی ہے جس میں جنگ بندی اور کشیدگی کم کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔
ان تجاویز کے تحت ایران سے کہا گیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار تیار نہ کرنے پر رضامند ہو اور کم از کم 12 سال تک یورینیم کی افزودگی مکمل طور پر روک دے۔
معاہدے کے مطابق ایران کو تقریباً 440 کلوگرام (970 پاؤنڈ) یورینیم کا ذخیرہ بھی حوالے کرنا ہوگا، جسے 60 فیصد تک افزودہ کیا گیا ہے۔
اس کے بدلے میں امریکہ بتدریج ایران پر عائد پابندیاں نرم کرے گا، اربوں ڈالر کے منجمد ایرانی اثاثے جاری کرے گا اور ایرانی بندرگاہوں پر عائد بحری پابندی ختم کرے گا۔
دونوں فریق جو اس وقت آبنائے ہرمز میں بحری کشیدگی کا سامنا کر رہے ہیں، معاہدے کے 30 دن کے اندر اس اہم آبی گزرگاہ کو دوبارہ کھولنے پر متفق ہوں گے۔