آبنائے ہرمز میں کشیدگی، عراقی خام تیل لے جانے والے ٹینکرز کی خفیہ نقل و حرکت
ایران کی خبر رساں ایجنسی آئی ایس این اے سے حاصل کی گئی اس تصویر میں جنوبی ایران کے شہر بندر عباس کے قریب آبنائے ہرمز میں بحری جہاز لنگر انداز دکھائے گئے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خام تیل لے جانے والے تین بڑے آئل ٹینکرز اپنے ٹریکنگ سسٹمز بند کرکے آبنائے ہرمز سے گزر گئے تاکہ ممکنہ ایرانی حملوں سے بچا جا سکے۔
شپنگ ڈیٹا فراہم کرنے والے اداروں کے مطابق دو بڑے جہاز، “اگیوس فانوریوس ون” اور “کیارا ایم”، اتوار کے روز آبنائے ہرمز عبور کر گئے، جن میں ہر ایک تقریباً 20 لاکھ بیرل عراقی خام تیل لے جا رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق “اگیوس فانوریوس ون” ویتنام کی جانب روانہ ہے جبکہ “کیارا ایم” کی منزل واضح نہیں ہوسکی۔ بتایا گیا ہے کہ اگیوس فانوریوس اس سے قبل کم از کم دو مرتبہ آبنائے ہرمز عبور کرنے میں ناکام رہا تھا۔
ایک اور جہاز “بصرہ انرجی” نے ابو ظہبی کے زرکو ٹرمینل سے 20 لاکھ بیرل خام تیل لوڈ کیا اور گزشتہ ہفتے آبنائے ہرمز سے گزر گیا۔ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث بحری نقل و حرکت اور تیل کی ترسیل پر عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے۔