ایران آبنائے ہرمز کو بلیک میل کرنے کے لیے استعمال نہ کرے ، قطر کی تہران کو تنبیہ

انقرہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے ،ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان

May 12, 2026 · بام دنیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

دوحہ: قطر نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کو خلیجی ممالک پر دباؤ ڈالنے یا انھیں بلیک میل کرنے کے لیے استعمال نہ کرے۔

قطری وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے منگل کے روز دوحہ میں ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایران کو چاہیے کہ وہ آبنائے ہرمز کو خلیجی ممالک پر دباؤ ڈالنے یا انھیں دباؤ میں لانے کا ذریعہ نہ بنائے۔

انھوں نے مزید کہا کہ دو روز قبل میرا امریکہ کا دورہ ہوا تھا جس کا بنیادی محور پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت تھا تاکہ ان کوششوں کا مثبت جواب دیا جائے اور جلد از جلد کسی حل تک پہنچا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکی حکام کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ جنگ نے خطے پر کیا منفی اثرات مرتب کیے ہیں اور اس کا طول پکڑنا نہ خطے اور نہ ہی دنیا کے مفاد میں ہے۔

ادھر ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا کہ انقرہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور اس اہم ترین تجارتی آبی گزرگاہ کو ایران تنازع کے دوران ’ہتھیار‘ کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ترکی ان سفارتی کوششوں میں حصہ لے رہا ہے جن کی قیادت پاکستان کر رہا ہے تاکہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری جنگ کا بات چیت کے ذریعے خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔