پاسدارانِ انقلاب کی بڑی کارروائی: اسرائیل سے وابستہ اسلحہ اسمگلنگ کے 5 نیٹ ورک تباہ
یٹ ورکس کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور جنگی سامان بھی برآمد کیا ، سکیورٹی فورسز
فائل فوٹو
تہران: ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) کے انٹیلی جنس ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ملک میں بدامنی پھیلانے کے لیے سرگرم، اسرائیل سے وابستہ اسلحہ اسمگلنگ کے پانچ منظم نیٹ ورکس کو کامیابی سے نشانہ بناتے ہوئے انہیں تباہ کر دیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق، پاسدارانِ انقلاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ کامیابی طویل مدتی انٹیلی جنس نگرانی اور ٹارگیٹڈ آپریشنز کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔ آپریشن کے دوران 20 عناصر کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کا تعلق ان نیٹ ورکس سے تھا جو دہشت گرد گروہوں اور غیر قانونی اسلحہ اسمگلروں کے لیے کام کر رہے تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے ان نیٹ ورکس کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور جنگی سامان بھی برآمد کیا ہے، جس میں 50 سے زائد جدید آتشیں اسلحہ،70 کلوگرام سے زیادہ طاقتور دھماکہ خیز مواد، 2,000 سے زائد کارتوس اور متعلقہ گولہ بارود شامل ہے۔
آئی آر جی سی کے مطابق، ان گروہوں کا مقصد ایران کے اندر “عدم استحکام” پیدا کرنا تھا اور یہ براہ راست اسرائیل اور اس سے وابستہ دہشت گرد تنظیموں کے ایجنڈے پر کام کر رہے تھے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی راستوں سے لایا جانے والا یہ اسلحہ ملک کے مختلف حصوں میں تخریبی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔
ایران کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے اور تہران مسلسل اسرائیل پر ایران کے اندر جاسوسی اور تخریبی کارروائیوں کے الزامات عائد کرتا رہا ہے۔