عباس عراقچی برکس اجلاس میں شرکت کے لیے نئی دہلی جائیں گے
اجلاس میں علاقائی استحکام، کثیرالاقوامی تعاون اور معاشی مضبوطی جیسے اہم امور پر غور کیا جائے گا، ایرانی سفارت خانہ
فائل فوٹو
نئی دہلی: ایران کے انڈیا میں سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی برکس ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے نئی دہلی کا دورہ کریں گے۔
ایکس پر جاری بیان میں انڈیا میں ایرانی دفترِ خارجہ کی جانب سے عباس عراقچی کے انڈیا کے دورے کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ ’وزیرِ خارجہ 14 اور 15 مئی یعنی جمعرات اور جمعہ کو انڈیا کی میزبانی میں منعقد ہونے والے برکس وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
بیان کے مطابق اجلاس میں علاقائی استحکام، کثیرالاقوامی تعاون اور معاشی مضبوطی جیسے اہم امور پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ برکس دنیا کے ابھرتے ہوئے بڑے ممالک کا ایک بین الاقوامی اتحاد ہے، جو عالمی معیشت اور سیاست میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
انڈیا میں ایرانی دفترِ خارجہ کے مطابق ’دورے کے دوران ایرانی وزیرِ خارجہ انڈیا کے وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر سمیت شریک ممالک کے دیگر وزراء اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں اور تبادلۂ خیال بھی کریں گے۔‘
واضح رہے کہ یہ اجلاس رواں سال ستمبر میں نئی دہلی میں انڈیا کی صدارت میں منعقد ہونے والے برکس کے 18ویں سربراہی اجلاس کی تیاری کا پیش خیمہ قرار دیا جا رہا ہے۔