قطر اور ترکی کا مشترکہ طور پر پاکستان کی ثالثی کوششوں کی حمایت کا اعلان
ملاقات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں قطر اور ترکی نے خطے میں فوجی کارروائیوں کی دوبارہ شروعات کے خلاف خبردار کیا گیا۔
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
دوحہ: قطر اور ترکی نے ایران جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
قطر کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر اور ترکی مشترکہ طور پر پاکستان کی اُن ثالثی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں جن کا مقصد جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنا، اس جنگ کا جلد از جلد خاتمہ، اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول کر بحری آمد و رفت کی معمول کی روانی بحال کرنا ہے۔
قطری وزارتِ خارجہ کی جانب سے یہ بیان منگل کے روز قطری وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی اور ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان کی دوحہ میں ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔
ملاقات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں قطر اور ترکی نے خطے میں فوجی کارروائیوں کی دوبارہ شروعات کے خلاف خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ ایسی پیش رفت کے عالمی سلامتی اور عالمی معیشت، دونوں پر سنگین نتائج مرتب ہوں گے۔