ایران اور امریکہ کے درمیان مجوزہ معاہدے کے حتمی نکات کا اعلان جلد متوقع ، عرب میڈیا کا دعویٰ
معاہدے کے متن کو حتمی شکل دینے کے لیے سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
فائل فوٹو
تہران: عرب میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مجوزہ معاہدے کے حتمی نکات کا اعلان جلد متوقع ہے جبکہ معاہدے کے متن کو حتمی شکل دینے کے لیے سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدے کے متن پر کام جاری ہے اور دونوں فریق اہم نکات پر پیش رفت کے لیے رابطے میں ہیں۔پاکستان کی اہم شخصیات کی ایران روانگی کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جہاں مختلف سفارتی ملاقاتیں اور مشاورت متوقع ہیں۔حج کے بعد معاہدے کے حتمی نکات پر مذاکرات کے نئے دور کا انعقاد اسلام آباد میں متوقع ہے، جہاں مختلف فریقین کے درمیان بات چیت کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی 24 گھنٹے کے اندر دوسری بار اہم دورے پر تہران پہنچے ہیں۔محسن نقوی نے امریکہ ، ایران مذاکرات سے متعلق ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں۔چند روز قبل بھی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، چیف مذاکرات کار محمد باقر غالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقاتیں کی تھیں۔بعد ازاں محسن نقوی ایران سے سیدھا بلوچستان پہنچے تھے جہاں پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔