آبنائے ہرمز میں بحری خطرات بدستور موجود ہیں۔ برطانوی انتباہ
آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں اور بحری قزاقی کے خدشات بڑھ گئے ہیں
برطانیہ کی میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں اور گرد و نواح کے سمندری علاقوں میں سیکورٹی خدشات بدستور انتہائی سنگین ہیں۔
جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز، خلیج عمان اور بحیرہ عرب میں خطرات کے باعث تجارتی بحری آمدورفت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ خطے میں بحری قزاقی کے واقعات بھی تشویشناک سطح پر موجود ہیں۔
ایجنسی کے مطابق اپریل اور مئی کے دوران اغوا کیے گئے تین تجارتی جہاز تاحال حراست میں ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ یمن کے ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر کو تحویل میں لے کر صومالیہ کے سمندری حدود کی جانب منتقل کیا گیا، تاہم اس کی تازہ صورتحال واضح نہیں ہوسکی۔
یو کے ایم ٹی او نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کے بحری راستوں میں بارودی سرنگوں کے خدشات اور سیٹلائٹ نیویگیشن نظام میں مداخلت کے واقعات بھی مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔ دوسری جانب باب المندب اور خلیج عدن میں تجارتی بحری ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے، اگرچہ حوثی باغیوں کی دھمکیوں کے باعث خدشات برقرار ہیں۔