ایران جنگ کے دوران 7200 سے زائد افراد کو ملبے سے زندہ نکالا گیا
ایران میں جنگ کے دوران تباہی اور امدادی سرگرمیوں کی تفصیلات سامنے آگئیں
ایران کے ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے مطابق اس کے امدادی کارکنوں نے جنگ کے دوران 7,200 سے زائد افراد کو زندہ ملبے کے نیچے سے نکالا۔ یہ جنگ 28 فروری سے 8 اپریل کی جنگ بندی تک جاری رہی۔
ریڈ کریسنٹ نے پہلی بار ایسی ویڈیوز جاری کی ہیں جن میں اس کے کارکنان اور رضاکاروں کو ایران پر امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں کے دوران متاثر ہونے والے افراد کو ملبے سے نکالتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ یہ کارروائیاں حالیہ جنگ بندی سے قبل کی گئی تھیں۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بمباری کے بعد تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے سے متعدد افراد کو نکالا جا رہا ہے، جن کے جسم گرد و غبار سے اَٹے ہوئے ہیں۔ زیادہ تر عمارتیں رہائشی اور کثیر المنزلہ تھیں جو حملوں میں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔