امریکہ اب مردہ ملک نہیں۔ دنیا عزت کرتی ہے۔ ٹرمپ
دنیا کی طاقتور ترین فوج امریکا کے پاس ہے، ایرانی رہنما بھی مارے جاچکے ہیں۔امریکی صدر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کے پاس دنیا کی سب سے طاقتور فوج موجود ہے اور ایران کی بحری و فضائی صلاحیت کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایرانی قیادت کے اہم رہنما بھی مارے جاچکے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے چین کا تاریخی دورہ کیا جہاں ان کی ملاقات چینی صدر شی جن پنگ سے ہوئی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شی جن پنگ ایک اچھے انسان ہیں اور چین کے ساتھ تعلقات میں بہتری امریکہ کے مفاد میں ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ دو سال قبل سعودی عرب امریکہ میں تقریباً 2 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا تھا، تاہم ان کے دور حکومت میں سعودی سرمایہ کاری کا حجم بڑھ کر 18 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو سال پہلے امریکا ایک “مردہ ملک” بن چکا تھا لیکن اب پوری دنیا امریکا کی عزت کرتی ہے اور عالمی سطح پر اس کا وقار دوبارہ بحال ہوچکا ہے۔