اہم معاہدہ تکمیل کے قریب۔ جلد اعلان متوقع ہے۔ ٹرمپ کا دعویٰ
حتمی تفصیلات پر غور جاری، معاہدہ بڑی حد تک طے پا گیا ہے۔ امریکی صدر
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ’ایک معاہدہ بڑی حد تک طے پا چکا ہے تاہم اس کی حتمی منظوری امریکہ، ایران اور دیگر متعلقہ ممالک کے درمیان ہونا باقی ہے۔
ٹرمپ نے کہا ہے کہ انھوں نے مشرقِ وسطیٰ اور خطے کے متعدد رہنماؤں کے ساتھ ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، جس میں ایران سے متعلق ایک ممکنہ امن معاہدے سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔
اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس کے اوول آفس سے کی گئی اس گفتگو میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، پاکستان، ترکی، مصر، اردن اور بحرین کے رہنما شامل تھے۔
ان کے مطابق اس بات چیت کا محور ایران اور ایک مجوزہ ’مفاہمتی یادداشت‘(ایم او یو) تھا، جو امن کے قیام سے متعلق ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ اسرائیل کے وزیر اعظم سے بھی علیحدہ طور پر بات چیت ہوئی، جسے انھوں نے ’مثبت‘ قرار دیا۔ ان کے مطابق معاہدے کی حتمی تفصیلات اس وقت زیرِ غور ہیں اور جلد اس کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو اس کے تحت آبنائے ہرمز کو بھی کھول دیا جائے گا، جو عالمی تجارت کے لیے ایک نہایت اہم بحری راستہ سمجھا جاتا ہے