ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنانا چاہتا۔ صدر پزشکیان
امریکہ سے مذاکرات میں قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ایرانی صدر
تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران عالمی برادری کو یہ یقین دہانی کرانے کیلئے تیار ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار بنانے کا خواہاں نہیں اور خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران براڈکاسٹنگ (آئی آر آئی بی) کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ تہران سفارت کاری اور علاقائی استحکام کیلئے سنجیدہ ہے جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ اور عدم تحفظ کی بنیادی وجہ ایران نہیں بلکہ اسرائیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران دنیا کو یقین دلانے کیلئے تیار ہے کہ اس کا مقصد جوہری ہتھیار حاصل کرنا نہیں اور نہ ہی وہ خطے میں بدامنی چاہتا ہے۔ ان کے بقول اصل مسئلہ اسرائیلی حکومت ہے جو ہر موقع کو جنگ اور کشیدگی برقرار رکھنے کیلئے استعمال کرتی ہے۔
صدر پزشکیان نے امریکہ کے ساتھ جنگ کے خاتمے کیلئے جاری مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی مذاکرات کار قومی عزت، وقار اور خودمختاری پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے۔