امریکہ سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔ایران جوہری پروگرام پر مذاکرات نہیں کر رہا۔اسماعیل بقائی
آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق فیصلہ ایران اور عمان کریں گے۔ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ اب تک کسی قسم کا کوئی معاہدہ طے نہیں پایا، جبکہ ایران اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے کوئی مذاکرات بھی نہیں کر رہا۔
ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسماعیل بقائی نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایران کی بنیادی توجہ کشیدگی کے خاتمے اور جنگ کو روکنے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے انتظام اور مستقبل سے متعلق فیصلے ایران اور عمان باہمی مشاورت سے کریں گے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے عمانی ہم منصب سے رابطہ کرکے خطے کی صورتحال اور آبنائے ہرمز سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ عمانی وزیر خارجہ کے ساتھ آبنائے ہرمز کے مستقبل اور انتظامی معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ ایران خطے کے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ مشاورت اور تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے۔